Nov ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • غزہ میں بچوں اور عورتوں کی دردناک صورتحال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ

اقوام متحدہ کی بعض خواتین عہدیداروں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں، غزہ میں بچوں اور عورتوں کی دردناک صورتحال کے بارے میں رپورٹیں پیش کرتے ہوئے، دائمی اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شعبۂ خواتین کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے غزہ میں خواتین اور بچوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں، کہا کہ اس وقت غزہ میں صیہونیوں کی جانب سے بین الاقوامی اصولوں کو بری طرح نظر انداز کیا جا رہا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عام ہورہی ہیں-

اقوام متحدہ کے شعبہ خواتین کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے جبری نقل مکانی اور فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے منتقلی کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کا طریقۂ کار سازگار نہیں ہے اور غزہ میں بین الاقوامی اقدار کو پامال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں خواتین یہ محسوس کر رہی ہیں کہ ان کو نظرانداز کردیا گیا ہے اور وہ تشدد اور جنگ روکے جانے کا مطالبہ کر رہی ہیں ۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ کے ادارے یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین راسل نے بھی جنگ بندی کے وقفے کے دوران امداد میں اضافے کی تیاریوں کی طرف اشارہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ مختصر جنگ بندی کافی نہیں ہے اور غرب اردن میں تقریباً ساڑھے چار ہزار بچوں اور اس کے علاوہ غزہ میں بچوں کی ایک بڑی تعداد کو کسی نہ کسی طرح کی مدد کی ضرورت ہے۔

ٹیگس