حماس کا اسرائیلی قیدیوں کے بارے میں بےجا مطالبات ماننے سےانکار
تحریک حماس نے کہا ہے کہ وہ صیہونی فوجی افسران کو اس جگہ جانے کی اجازت نہیں دے گی جہاں اسرائیلی قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اطلاعات کے مطابق فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ وہ عالمی ریڈ کراس کمیٹی کو اس جگہ جانے کی اجازت نہیں دے گی جہاں فلسطینی استقامتی فورس کی قید میں موجود دیگر صیہونی قیدیوں کو رکھا گیا ہے اور ان کا نام قیدیوں کے تبادلے کی موجودہ فہرست میں بھی درج نہیں ہے، البتہ یہ قیدی کس حال میں ہیں اس بارے میں ریڈ کراس کے عہدہ داروں کو با خبر کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران اسرائیل نے ریڈ کراس پر اس بات کے لئے بہت دباؤ ڈالا تھا کہ وہ حماس سے دیگر اسرائیلی قیدیوں سے ریڈ کراس کے نمائندوں کی ملاقات کی درخواست کرے۔ادھر عراق کی استقامتی فورس نے اعلان کیا ہے کہ حماس اور غاصب اسرائیلی حکومت کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا اطلاق ہم پر نہیں ہوگا۔ عراق کی سیدالشہدا بریگیڈ کے ترجمان کاظم الفرطوسی نے کہا ہے کہ حماس اور غاصب اسرائیلی حکومت کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں عراق کی استقامتی فورس شامل نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں کے درمیان صورت حال مختلف ہے اور کچھ قتل و غارت گری ایسی ہوئی ہے کہ اس کا انتقام لینا ضروری ہے۔