جنگ بندی: زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے اسپتال منتقل کرنے اور شہدا کی آخری رسومات ادا کئے جانے کا سلسلہ شروع
عارضی جنگ بندی کے نفاذ کے بعد فلسطین کے مختلف علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کی شکست اور استقامتی محاذ کی کامیابی کا جشن منایا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی پناہ گزیں سڑکوں پر نکل آئے جبکہ غزہ کے شہری زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے اسپتالوں میں منتقل کرنے اور بعض دیگر فلسطینی شہدا کی لاشوں کی آخری رسومات ادا کئے جانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب ایمبولینسوں کے ذریعے شدید طور پر زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو رفح گذرگاہ کے راستے مصر کے العریش اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
غزہ میں فلسطینی حکومت کے اطلاع رسانی کے دفتر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کے عوام اور رہائشی علاقوں پر حالیہ صیہونی جارحیت کے آغاز سے اب تک چودہ ہزار آٹھ سو چوّن فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بیشتر بچے اور عورتیں شامل ہیں۔ جبکہ چھتیس ہزار سے زائد دیگر زخمی ہوئے ہیں اور سات ہزار، ابھی بھی لاپتہ اور یا عمارتوں کے ملبوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔