Nov ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • غاصب اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری

غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے آج بھی اڑان بھری اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی ۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی رفح ميں بھی صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے اڑان بھری ہے۔

دوسری طرف غرب اردن کے شہر جنین میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ یہ جھڑپیں منگل کی صبح اس وقت شروع ہوئيں جب صیہونی فوجیوں نے جنین کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کرکے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ۔

صیہونی فوجیوں میں فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جنین کے پناہ گزین کیمپ اور تمام ہسپتالوں کو بھی اپنے محاصرے میں لے لیا ہے۔

غاصب صیہونی فوج نے غرب اردن کے شہر جنین پر ایسی حالت میں حملہ کیا ہے کہ صیہونی ذرائع نے جنگ بندی میں مزید توسیع کے لئے قطر میں مذاکرات جاری رہنے کی خبر دی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق جنگ بندی میں توسیع کے نئے معاہدے میں سبھی جنگی قیدیوں کی آزادی کی شق بھی شامل ہوگی۔

صیہونی حکومت کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے بھی رپورٹ دی ہے کہ جنگ بندی کے نئے معاہدے میں سبھی فوجی اور غیر فوجی قیدیوں کی آزادی کی شق شامل ہوگی ۔

ٹیگس