Dec ۰۱, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
  • غزہ میں صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی، رفح کی فضا میں جنگی طیاروں کی پروازیں

فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے فائربندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کے مقامی ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ میں رفح کی فضا میں پروازیں کی ہیں جبکہ جنگی طیاروں کی یہ پروازیں فائر بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کی رات صیہونی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کو مزید صیہونی قیدیوں کو رہا کیا جا سکتا ہے اور اسی بنا پر جنگ بندی کی مدت میں مزید توسیع کئے جانے پر گفتگو جاری ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بھی جمعرات کو حماس اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی کی کوششوں کی خبر دی ہے۔ اس سے قبل صیہونی فوج کے ترجمان نے بھی کہا کہ قیدیوں کی رہائی کے بعد ان کی مقبوضہ فلسطین واپسی کے پیش نظر جنگ بندی کی مدت بڑھائی جا سکتی ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کے ریڈیو نے بھی ایک اعلی صیہونی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ جنگ بندی کے لئے جاری مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کو حماس اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی شروع ہوئی تھی اور چار روزہ جنگ بندی کی اس مدت میں قطر اور مصر کی کوششوں سے مزید دو روز اور پھر ایک روز کی توسیع کی جاچکی ہے۔

ٹیگس