الفارعہ کیمپ پر اسرائیلی حملے کی او آئی سی کی جانب سے مذمت
اسلامی تعاون تنظیم نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع الفارعہ کیمپ میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں واقع الفارعہ کیمپ پر حملہ کیا اور فلسطینیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں چھے فلسطینی شہید اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ الفارعہ کیمپ پر صیہونی جارحیت، فلسطینیوں کی نسل کشی کا ہی حصہ ہے جو غاصب صیہونی حکومت غزہ اور غرب اردن کے مغربی کنارے میں کر رہی ہے۔ او آئی سی تنظیم نے اپنے بیان میں ان تمام وحشیانہ جرائم کا ذمہ دار غاصب صیہونی حکومت کو قرار دیا ہے اور عالمی برادری اور خاص طور سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے غزہ میں جنگ بندی کے لئے ان کی جانب سے قانونی ذمہ داریوں پر عمل کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔