Dec ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • بنیامین نیتن یاہو اور اس کی کابینہ قاتل ہے: صیہونی مظاہرین

مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں صیہونیوں نے نیتن یاہو اور ان کی کابینہ کے خلاف مظاہرے کئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: مقبوضہ فلسطین میں ہزاروں صیہونیوں نے تل ابیب اور حیفا میں مظاہرے کر کے نیتن یاہو اور ان کی کابینہ کے استعفے نیز غزہ سے اسرائيلی قیدیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

صیہونی ٹی وی چینل بارہ کی رپورٹ کے مطابق حیفا میں ہونے والے مظاہرے میں کافی تعداد میں صیہونیوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے نیتن یاہو کی کابینہ کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ انہوں نے بنیامین نیتن یاہو اور اس کی کابینہ کو قاتل قرار دیتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

قدس میں بھی صیہونیوں نے نیتن یاہو کو برطرف کئے جانے کا مطالبہ کیا ۔ صیہونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ قیساریہ شہر میں بھی مظاہرین نے موم بتیاں جلا کر نیتن یاہو سے فوری طور پراستعفی دینےکا مطالبہ کیا۔

تل ابیب میں نیتن یاہو کے مخالفین نے سب سے بڑا مظاہرہ کیا۔ دائیں بازو کے بہت سے صیہونیوں نے نیتن یاہو کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے فوری طور پر جنگ بند کئےجانے کامطالبہ کیا۔

صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ کے ترجمان نے اس مظاہرے میں کہا کہ ہم نیتن یاہو کی کابینہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہماری اولاد کو زندہ حالت میں اور دوسرے قیدیوں کی طرح مذاکرات کے ذریعے آزاد کرائے۔

قیدیوں کے اہل خانہ نے مزید کہا کہ ہم ایسی جنگ کی آواز سن رہےہیں جس کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور ہم دیکھ رہےہیں کہ وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل بھی صیہونی حکومت کے دو اعلی عہدیداروں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ نیتن یاہو جنگ کی قیادت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتےہیں کہا تھا کہ نیتن یاہو پاگل پن کا شکار ہوچکے ہیں اور وہ اس المئے کے ذمےدار ہیں جس سے اسرائيل سات اکتوبر کو دوچار ہوا اور انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے برطرف ہوجانا چاہئے۔

ٹیگس