استقامت کبھی بھی کمزور نہیں ہوسکتی، حزب اللہ لبنان
حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ شیخ صفی الدین نے کہا ہے کہ استقامت کبھی کمزور نہیں ہوسکتی کیونکہ استقامت کو جب سنگین چیلنجوں کا سامنا تھا تو اس وقت بھی استقامت کمزور نہیں ہوسکی۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: العالم چینل کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ شیخ صفی الدین نے کہا کہ استقامت کبھی بھی کمزور نہیں ہوسکتی ہے کیونکہ استقامت کو سنگین داخلی، خارجی، سیاسی، عسکری اور سیکورٹی چیلنج بھی کمزور نہیں کرسکے جن کا استقامت کو سامنا تھا اور ہم انہیں چیلنجوں کے سائے میں رہتے تھے لیکن استقامت کمزور نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کو روکا جاسکا۔
اس رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ نے کہا کہ لبنان کے پاس صرف دو ہی راستے ہیں، یا تو مزاحمت کرے یا امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دے اور ہم نے مزاحمت کا راستہ اختیار کیا ہے۔
صفی الدین نے مزید کہا کہ یہ غاصب اسرائیلی حکومت ہی ہے جس نے ہمیشہ جنگ شروع کی ہے اور اسی نے خطے میں جنگیں شروع کی ہیں نیز خطے کے ممالک کے مفادات کو خطرے میں ڈالا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج ہم غزہ اور مغربی کنارے کا دفاع کر رہے ہیں اور ہمارے جاں باز بیت المقدس کی راہ میں شہید ہو رہے ہیں اور یہ جنگوں میں سے ایک ہے جس میں ہم نے واضح طور پر اور مکمل یقین کے ساتھ حصہ لیا ہے۔