القسام بریگیڈ نے غزہ کو غاصبوں کے قبرستان میں تبدیل کرنے کا وعدہ پورا کردیا، حماس
غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں غاصب اسرائیلی حکومت کی بھاری فوجی شکست اور غاصب حکومت کے 10 فوجیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں حماس نے کہا ہے کہ القسام بریگیڈ نے غزہ کی پٹی کو غاصبوں کے قبرستان میں تبدیل کرنے کا اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے غزہ کے الشجاعیہ علاقے میں ہونے والی لڑائی میں استقامتی مجاہدین کے ہاتھوں 10 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تحریک حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غاصب فوج کی جانب سے غزہ میں الشجاعیہ کی لڑائی میں اپنے 10 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف، جن میں زیادہ تر افسران تھے، اس غاصب فوج کی شکست اور استقامت کی قوت و طاقت کے مقابل غاصب حکام کی ناکامی کی حد کو ظاہر کرتا ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم صیہونیوں سے کہتے ہیں کہ آپ کے شکست خوردہ لیڈروں کو آپ کے فوجیوں کی جانوں کی پرواہ نہیں ہے اور آپ کے پاس غزہ سے نکل جانے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔