اسرائیلی فوجیوں نے دسیوں بے گھر اور زخمی فلسطینیوں کو زندہ دفن کردیا
موصولہ رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں ایک اور انسانیت سوز کارروائی کرتے ہوئے دسیوں بے گھر اور زخمی فلسطینیوں کو زندہ دفن کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوجیوں نے اپنی بربریت جاری رکھتے ہوئے غزہ میں واقع کمال عدوان ہسپتال کے احاطے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں کو بلڈوزروں سے تباہ کردیا اور اس میں موجود تمام افراد کو، جو وہاں پناہ لئے ہوئے تھے، زندہ در گور کردیا۔
اس رپورٹ کے مطابق غاصب فوج کے بلڈوزروں سے شہید ہونے والے 20 سے زیادہ افراد کی لاشیں عدوان ہسپتال میں موجود ہیں۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں اعلان کیا ہے کہ غاصب صہیونی فوج کمال عدوان اور العودہ ہسپتالوں ہر متحرک چیز کو نشانہ بنا رہی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے زور دے کر کہا ہے کہ غاصب اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اور العودہ ہسپتالوں کے جنوبی حصے کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے اور طبی عملے کو بھی نشانہ بنارہے ہیں۔