القسام بریگیڈ: صیہونی فوجیوں کے حامل ایک اور ٹرک کو نشانہ بنایا گيا
فلسطین کی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ میں واقع بیت لاہیا کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کے حامل ایک اور ٹرک کو جوابی کارروائی کا نشانہ بنایا گيا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے مجاہدین نے غزہ کے شمال میں بیت لاہیا میں بڑی تعداد صیہونی فوجیوں کے حامل ٹرک کو نشانہ بنایا جس کے بعد فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ القسام بریگیڈ کے مطابق ٹرک میں سوار سارے صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے۔ القسام بریگیڈ نے مشرقی بیت لاہیا میں صیہونی فوج کا مرکاوہ ٹینک بھی تباہ کردیا۔ ادھر خان یونس کے مشرق میں صیہونی پیدل فوج کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جہاں دسیوں صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے۔ القسام بریگیڈ نے بیت لاہیا میں اس عمارت پر بھی حملہ کیا جہاں صیہونی فوجی ڈیرہ جمائے ہوئے تھے۔ بیت لاہیا میں ہی صیہونی فوج کی بکتر بند گاڑی اور بلڈوزر کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ صیہونی جارحیت کے جواب میں زخمی صیہونی فوجیوں کی مدد کے لئے بڑھنے والے دیگر صیہونی فوجیوں پر بھی حملہ کر دیا گيا۔ القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ حجرالدیک میں صیہونی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔