Dec ۱۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • غزہ کے شہدا کی تعداد بڑھ کر 19453 ہوگئی

غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونےو الوں کی تعداد انیس ہزار چار سو ترپن جبکہ زخمیوں کی تعداد باون ہزار تین سو تک پہنچ چکی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرۃ نے غزہ میں پیر کے روز کہا کہ غزہ پر سات اکتوبر سے جاری صیہونی حکومت کے حملوں میں اب تک انیس ہزار چار سو ترپن فلسطینی شہید اور باون ہزار تین  زخمی ہوچکے ہيں۔ القدرۃ نے کہا کہ غاصب عناصر نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں پر سولہ مرتبہ جارحانہ حملے کرکے بڑے پیمانے پر نسل کشی کی ہے۔ اشرف القدرۃ نے غزہ میں صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کا علاج و معالجہ غزہ سے باہر کرائے جانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم متعلقہ اداروں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے دیگر ملکوں میں منتقل کرنے کے لئے راستہ ہموار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پانچ ہزار زخمیوں کو غزہ سے باہر منتقل کئے جانے کی اشد ضرورت ہے۔ بیماریوں کے پھیلاؤ اور صحت اور طبی امداد کی کمی کی وجہ سے پناہ گزینوں کے حفاظتی مراکز کی صورتحال ابتر ہے۔ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے غزہ کے لئے ادویات اور ایندھن کی فوری ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے کہا کہ وہ غزہ پٹی میں اسپتالوں کی سرگرمیاں شروع کئے جانے کےلئے ادویات اور ایندھن فراہم کریں۔

ٹیگس