حماس: صیہونی حکومت فلسطینیوں کو جبری نقل مکانی پر مجبور نہيں کرسکے گی
تحریک حماس نے جبالیا کیمپ میں صیہونیوں کے جرائم کو فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس کے بیان میں آیا ہے کہ جبالیا کیمپ میں، امریکی حمایت سے جارح صیہونی فوجیوں نے جو قتل عام انجام دیا ہے اس کے ذریعے وہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے باہر نکالنے اور جبری منتقلی میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔ حماس نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کی طرف سے عام شہریوں کے قتل عام کا تسلسل اور اس میں شدت، کہ جس میں سے تازہ ترین گنجان آبادی والے علاقے جبالیہ کیمپ پر وحشیانہ بمباری تھی کہ جس میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، دہشت گرد قابض حکومت کی مجرمانہ پالیسی کی غماز ہے، اس بمباری اور قتل و غارت گری میں غاصب صیہونی حکومت کو امریکی حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وہ ان جرائم کے ذریعے فلسطینیوں کو سزا دینے اور جبری منتقلی کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس بیان میں آیا ہے کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ جرائم، جو انسانیت کے ماتھے پر داغ ہیں، عظیم فلسطینی قوم کے عزم، ان کی جرات مندانہ مزاحمت اور اپنی سرزمین اور مقدسات کی پاسداری میں کوتاہی کا باعث نہیں بنیں گے۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ کیمپ پر بمباری میں سولہ شہریوں کے شہید اور پچھہتر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس علاقے کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد انیس ہزار چھ سو ستر تک پہنچ گئی ہے۔