تل ابیب پر مزاحمتی فورسز کے راکٹوں اور میزائلوں کی بارش
پریس ذرائع کے مطابق فلسطین کی تحریک استقامت کے مجاہدین نے صیہونی جارحیت کے جواب میں تل ابیب اور مقبوضہ جنوبی فلسطین کے مختلف علاقوں منجملہ عسقلان اور اشدود پر راکٹ اور میزائل حملے کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جہاد اسلامی فلسطین نے ان علاقوں پر حملوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ راکٹ اور میزائل اپنے اہداف کو مکمل طور پر نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں ان علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے اور صیہونیوں میں افراتفری مچ گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے، یہ اب تک کے شدید ترین جوابی حملے رہے ہیں جن میں صیہونی حکومت کو بھاری نقصان پہنچا۔ صیہونی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی علاقوں پر پینتیس سے زائد راکٹ اور میزائل گرے۔ فلسطین کی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ حملے غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی جارحیت کے جواب میں کئے گئے۔ ادھر لبنان کی تحریک استقامت حزب اللہ نے بھی، صیہونی جارحیت کے جواب میں صیہونی علاقوں پر کئي بار حملے کئے جن میں غاصب صیہونیوں کو خاصا نقصان پہنچا۔ حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ شبعا فارم میں صیہونی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے کئے گئے اور ان فوجی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گيا۔ ان فوجی ٹھکانوں میں اہم فوجی ٹھکانہ الجرداح بھی شامل ہے۔