اسرائیلی فوج حماس کے رہنما یحیی السنوار کو ڈھونڈ نکالنے میں ناکام
غزہ میں تحریک حماس کے سربراہ یحیی السنوار کو ڈھونڈ نکالنا اسرائیلی فوج کے لئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔ یحیی السنوار کو طوفان الاقصی کا ماسٹرمائنڈ سمجھا جا رہا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ میں صیہونی حکومت کی فوج کو گھسے ہوئے کئی ہفتے گذر چکے ہيں اور وہ غزہ میں حماس کے سربراہ السنوار کو تلاش کرنے کی مسلسل کوششوں میں ناکام رہی ہے تاہم اس نے اب اعلان کیا ہے کہ اس کے فوجیوں کو یحیی السنوار کا گھر مل گيا ہے لیکن گھر میں صرف ڈول اور جوتے ملے ہيں ۔غزہ میں تحریک حماس کے سربراہ کو تلاش کرنے میں صیہونی فوج کی ناتوانی و ناکامی ایسی حالت میں سامنے آرہی ہے کہ صیہونی حکومت کے وزيراعظم نیتن یاہو نے زور دے کر کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے یحیی السنوار کے گھر کو محاصرے میں لے لیا ہے ۔ صیہونی حکومت جو اپنے قیدیوں کی رہائی کے لئے کئی ہفتے سے غزہ میں اپنی بری فوج اتار چکی ہے اب تک اپنا ایک قیدی بھی آزاد نہیں کرا سکی ہے، صیہونی حکومت کے کان ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں خبردی ہے کہ تل ابیب جلد ہی اپنے فوجی غزہ سے باہر نکال لے گی تاہم اپنے فضائی حملے اور بمباری جاری رکھے گی۔
میدان جنگ میں صیہونی فوج کو ہونے والے بھاری جانی نقصانات اورغزہ کےعوام کے خلاف غاصب صیہونی فوجیوں کی کامیابیوں کے سلسلے میں صیہونی حکام کی ڈینگوں پراعتراض و تنقیدوں کا سلسلہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔
صیہونی حکومت کے وزيراعظم سے لے کر وزیرجنگ تک اور چیف آف آرمی اسٹاف سے لے کر فوج کے ترجمان تک سب ہی صیہونیوں کو حماس کو تباہ کرنے اور قیدیوں کو رہا کرانے کی یقین دہانی کرا رہے ہيں لیکن عملی طور پر انھیں استقامت کے ہاتھوں کاری ضربیں لگ رہی ہیں اور بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔