Jan ۰۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • حماس: خاتون فلسطینی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کا نوٹس لینے کا مطالبہ

صیہونی حکومت کی جیلوں میں خاتون فلسطینی قیدیوں کو ایذائیں دیئے جانے کی خبر شائع ہونے کے بعد حماس نے ایک بیان جاری کر کے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں اسرائیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے دستاویز تیار کی جائے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہيں کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو طبی سہولیات سمیت بنیادی ترین حقوق سے محروم کئے جانے کے تعلق سے اپنے فرائض پر عمل کریں۔ حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں، بالخصوص خاتون قیدیوں کے حقوق کی خلاف ورزی پر اپنی توجہ مرکوز کریں اور صیہونی حکومت پر مقدمہ چلانے کے لئے ان جرائم کی دستاویز تیار کریں۔
یاد رہے کہ فلسطینی قیدیوں کی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی دامون جیل میں اسّی خاتون فلسطینی قیدیوں کو انتہائی برے حالات میں رکھا گيا ہے، انہیں بھوکا رکھا جاتا ہے اور انواع واقسام کی ایذائيں دی جاتی ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کی تنظیم کے مطابق ان قیدیوں کی اکثریت کا تعلق غزہ سے ہے اور ان کے ساتھ صیہونی حکومت کے سیکورٹی اہلکار بدسلوکی کرتے ہیں۔

ٹیگس