Jan ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • دنیا میں اسرائیل حامی مظاہروں کے مقابل اسرائیل مخالف مظاہروں میں 12 گنا اضافہ

غاصب اسرائیل کے ایک تحقیقی مرکز کی طرف سے جاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ بین الاقوامی پیمانے پر اسرائیل حامی مظاہروں کے مقابل اسرائیل مخالف مظاہروں میں 12 گنا اضافہ ہوا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیل کے داخلی سلامتی کے تحقیقی مرکز کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار بین الاقوامی پیمانے پر اسرائیل حامی مظاہروں کے مقابل اسرائیل مخالف مظاہروں میں 12 گنا اضافے کی غمازی کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ تحقیقی مرکز کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 7 اکتوبر سے 8 دسمبر سنہ 2023 تک دنیا کے مختلف علاقوں میں غاصب اسرائیل کے خلاف سات ہزار 557 سے زیادہ مظاہرے ہوئے جبکہ اسی دوران غاصب اسرائیل کی حمایت میں صرف 602 مظاہروں کا انعقاد ہوا۔

غاصب اسرائیل کے داخلی سلامتی کے تحقیقی مرکز نے لکھا ہے کہ مذکورہ اعداد و شمار دنیا میں غاصب اسرائیلی حکومت کے مزید الک تھلگ پڑ جانے کا ثبوت ہیں اور یہی بات غاصب حکومت کے بعض حکام بھی اب سے پہلے کہہ چکے ہیں۔

مثال کے طور پر غاصب اسرائیلی حکومت کے سابق وزیر نفتالی بنیٹ نے ابھی کچھ دن پہلے کہا تھا کہ عالمی سطح پر حالات ہمارے حق میں نہیں ہیں اور عالمی رائے عامہ بھی اس وقت ہمارے لئے مثبت نہیں ہے۔

ادھر ایک صیہونی لیڈر آوگدور لیبرمین نے، جو 2002 سے 2022 تک نائب وزیر اعظم سمیت غاصب اسرائیلی حکومت میں کئی اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں، کہا ہے کہ اسرائیل کو اب سے پہلے کبھی اس حد تک داخلی انتشار اور خارجی تنہائی کا سامنا نہیں ہوا ہے۔

 

ٹیگس