فلسطینی مجاہدین کا بڑا حملہ 36 اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی، ایک ٹینک اور ایک فوجی گاڑی تباہ
تحریک استقامت فلسطین کے جوابی حملوں میں صیہونی فوج کا ایک ٹینک اور ایک فوجی گاڑی تباہ اور چھے صیہونی فوجی ہلاک اور تیس دیگر زخمی ہوگئے ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں صیہونی فوج کا ایک مرکاوا ٹینک یسین ایک سو پانچ قسم کے میزائل کا نشانہ بناکر تباہ کردیا۔
القسام بریگیڈ نے بتایا ہے کہ اس کے جوانوں نے اسی طرح خان یونس کے مشرق میں واقع بنی سہیلا نامی علاقے میں صیہونی فوجیوں کے ایک دستے پر بموں سے حملہ کیا جس میں سبھی صیہونی فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئے ۔
دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی اعلان کیا ہے کہ مرکزی غزہ میں البریج کیمپ کے مشرق میں صیہونی حکومت کی ایک فوجی گاڑی کو راکٹ سے نشانہ بناکر تباہ کردیا گیا۔
اسی کے ساتھ " والللا " صیہونی ویب سائٹ نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں دھماکہ خیز مواد کے ایک ٹرک میں دھماکے کے نتیجے میں کم سے چھے صیہونی فوجی ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ۔
اس درمیان صیہونی حکومت کی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اپنے ستائيس فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
صیہونی حکومت نے چوبیس گھنٹے میں اپنے ستائیس فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر ایسی حالت میں دی ہے کہ پیر کے روز غزہ کے البریج کیمپ میں صیہونی فوجیوں کے راستے میں ایک بم دھماکے میں نو فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ خود صیہونی ذرائع بھی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ صیہونی حکومت اپنے ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی صحیح تعداد کبھی نہیں بتاتی جو اس کی اعلان کردہ تعداد سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔