Jan ۱۲, ۲۰۲۴ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • امریکی اور برطانوی جارحیت پر یمن کا ردعمل

یمن کی قومی نجات حکومت نے اپنے ملک کےخلاف امریکہ اوربرطانیہ کی جارحیت کے ردعمل میں کہا ہے کہ واشنگٹن اور لندن بھاری قیمت ادا کرنے کےلئے تیار رہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی نیشنل سالویشن گورنمنٹ کے نائب وزیر خارجہ حسین العزی نے یمن کےخلاف برطانوی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور برطانوی بحری جہازوں، آبدوزوں اور لڑاکا بمبار طیاروں نے بڑے پیمانے پر ہمارے ملک کو اپنے جارحانہ حملوں کا نشانہ بنا یا ہے اور بلاشبہ انہیں اس کی بھاری قیمت ادا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس سے پہلے یمن کی وزارت دفاع سے منسلک ایک عہدیدار عبداللہ بن عامر نے صنعا میں کہا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ اپنے حملوں کو وسعت دیں گے تو ہم بھی خطے میں ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں گے۔یمن کے ایک اور سیاسی رہنما عبدالسلام الجحاف نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کی بربریت کا جواب دیا جا رہا ہے اور اب بحیرہ احمر میں ایک بڑی جنگ شعلہ ور ہونے کو ہے۔
یمن کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے بھی کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ جلد ہی سمجھ جائیں گے کہ یمن پر براہ راست حملہ، ان کی تاریخ کی سب سے بڑی حماقت تھی۔ البخیتی نے کہا کہ امریکہ اور انگلینڈ نے یمن پر حملہ کرکے غلطی کی ہے اور انہوں نے اپنے ماضی کے تجربات سے سبق نہیں سیکھا۔
دوسری جانب یمن کی سیاسی کونسل کے ایک اور رکن فضل ابو طالب نے بھی امریکا اور برطانیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا جواب ضرور دیا جائے گا اور جارح ممالک اس کے نتائج دیکھیں گے۔ دوسری جانب حکومت یمن کے انفارمیشن بورڈ کے سربراہ نصرالدین عامر نے کہا ہے کہ یمن کے جوابی حملوں کا، مسلح افواج کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے یمن پر امریکہ اور برطانیہ کے جارحانہ حملے کے جواب میں اعلان کیا ہے کہ ریاض اس فوجی آپریشن کا تشویش کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے۔

ٹیگس