صیہونی حکومت ناکامی اور شکست کے دلدل میں پھنسی ہوئی ہے: سید حسن نصر اللہ
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ غزہ کی جنگ اور طوفان الاقصیٰ کی جنگ کے 100 دن گزر جانے کے بعد بھی غاصب اسرائیل شکست اور ناکامی کے دلدل میں پھنسی ہوئی ہے اور اب تک اسے کچھ حاصل نہیں ہوا ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے شام پر صیہونی حملے میں تحریک حزب اللہ کے ایک شہید کمانڈر "وسام حسن طویل" عرف "الحاج جواد" کی یاد میں ہونے والی مجلس ترحیم کے موقع پر اپنے خطاب میں گزشتہ 100 دن میں غزہ کے عوام کی بہادری اور بے مثال مزاحمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام نے صیہونی حکومت کی جارحیت کا بے مثال طریقے سے اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ غاصبوں کو پہنچنے والے نقصان نے ان کے حوصلے پست کئے ہیں اور ناکامی کو جنم دیا ہے جس میں ان کے خلاف مزاحمت کے 100 دن میں 4 ہزار غاصب فوجیوں کے معذور ہونے کا اعلان ہے اور یہ تعداد 30 ہزار تک بڑھ سکتی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے یمن پر حملہ کو "امریکہ اور برطانیہ کی حماقت" قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کہتا ہے کہ وہ جنگ کو وسعت دینے کی کوشش نہیں کرتا لیکن وہ ایسا کرتا ہے، یہ حماقت ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے مزید کہا کہ صیہونی غاصب حکومت کو ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں لانا اور عالمی رائے عامہ کے سامنے اس کو ملزم قرار دینا ٹھوس وجوہات کی بنا پر، بے مثال ہے اور اس حکومت کو کشیدگی سے دوچار کرنے کا باعث بنا ہے۔