Jan ۱۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • القسام بریگیڈ: صیہونی فوج کے حملوں میں بہت سے اسرائیلی قیدی ہلاک ہوگئے

فلسطین کی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں صیہونی بمباری و جارحیت میں بہت سے قیدی بھی مارے گئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ دشمن غزہ میں اپنے مقاصد کے حصول اور اپنے قیدیوں کو آزاد کرانے میں ناکام رہا ہے اور حالیہ ہفتوں کے دوران دشمن کے قیدیوں کی سرنوشت بھی صیہونی جارحیت کی بنا پر غیر یقینی بنی رہی ہے اور صیہونی بمباری و جارحیت میں بہت سے قیدی بھی مارے گئے ہیں جن کی مکمل ذمہ دار غاصب صیہونی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں کہ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا جائے اور فلسطینیوں کے قتل عام کا جواب دیا جائے۔ ابو عبیدہ نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن تاریخ میں بے نظیر رہا اور ایک ایسی فریاد بنا کہ جس نے تمام آزاد پسند قوموں کو آواز اٹھانے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے فلسطینی مجاہدین کی کامیابیوں کے بارے میں بھی کہا کہ جنگ کے سو دنوں میں غاصب صیہونی دشمن کی ایک ہزار بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کیا گیا۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ صیہونی دشمن کے خلاف جن ہتھیاروں کو فلسطینی مجاہدین کی جانب سے استعمال کیا جا رہا ہے وہ القسام بریگیڈ کے بنائے ہوئے ہیں اور فلسطینی مجاہدین نے جو کارنامہ رقم کیا اسے تاریخ میں سب سے بڑی اور مقدس ترین جنگ کی حیثیت سے یاد کیا جائے گا۔ فلسطین کی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے میزائلوں اور سرنگوں کے بارے میں صیہونی دشمن کے دعؤوں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ ایک دن ان دعؤوں کے جھوٹا ہونے کو ثابت کر دیا جائے گا۔

ٹیگس