Feb ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • امریکی صدر جو بائیڈن فلسطینیوں کے خلاف غیر انسانی جرائم میں برابر کے شریک ہیں: تحریک حماس

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے رفح پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ امریکی حکومت اور بذات خود جو بائیڈن، صیہونی وزیراعظم کو رفح پر حملے کا گرین سگنل دے کر اور اس غاصب حکومت کی فوجی و مالی مدد کر کے فلسطینیوں کے خلاف غیر انسانی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: سما نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ رفح کی افسوسناک اور ابتر صورت حال کے پیش نظر جہاں چودہ لاکھ فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے، اس شہر پر غاصب صیہونی حکومت کا حملہ، ایک اور وحشیانہ جرم ہے جو نسل کشی اور جبری نقل مکانی اور مختلف مسائل و مشکلات پیدا ہونے کا باعث بنے گا۔

تحریک حماس نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اور صیہونی فوج نے رفح پر حملہ کر کے فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرانے کے لئے بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے کو پیروں تلے روندا ہے بنابریں عرب ممالک، او آئی سی کے رکن ملکوں اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ صیہونی جارحیت بند کرائے اور غزہ کے فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔

اس سلسلے میں الاقصی چینل نے بھی حماس کے ایک رہنما کے حوالے سے تاکید کی ہے کہ رفح پر صیہونی جارحیت، قیدیوں کے تبادلے کے لئے مذاکرات کی ناکامی پر منتج ہو گی۔ حماس کے رہنما نے کہا ہے کہ نیتن یاہو فلسطینی قوم کی نسل کشی اور رفح میں بھی انسانی المیہ جنم دے کرقیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس