Feb ۱۶, ۲۰۲۴ ۲۱:۲۵ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں نے طبی عملے کے افراد اور مریضوں کو اغوا کرلیا

غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری ہے، اس درمیان صیہونی فوجیوں نے ایک ہسپتال کے طبی عملے کے افراد اور مریضوں کو اغوا کرلیا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: اطلاعات کے مطابق فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے خان یونس میں الامل ہسپتال کے طبی عملے کے ساتھ ساتھ مریضوں کے اغوا کی اطلاع دی ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے جمعے کے روز بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے خان یونس کے الامل ہسپتال کے 20 طبی اور دفتری عملے کے ساتھ ساتھ کچھ مریضوں کو بھی اغوا کرلیا ہے۔

صیہونی حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ افراد فلسطینی مزاحمتی گروپوں کے رکن ہیں۔

اس دعوے کے جواب میں فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا ہے کہ اس غاصب حکومت کے دعوے جھوٹے ہیں اور اس کا مقصد غزہ کے ہسپتالوں اور طبی مراکز پر صیہونی فوج کے حملوں کا جواز فراہم کرنا ہے اور یہ کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے جنگی جرائم کی توجیہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے بارہا غزہ میں ہسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے اور عالمی برادری نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

 

ٹیگس