غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری، درجنوں فلسطینی شہید
غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں فلسطینی قوم کے خلاف غاصب اسرائیلی فوج کی تازہ بربریت میں درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق آج جمعہ کو غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف غاصب فوج کی جارحیت کے 154ویں دن بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران غاصب اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں 8 ظالمانہ کارروائیاں انجام دیں جن میں 78 افراد شہید اور 104 دیگر زخمی ہو گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں تقریباً 31 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں 72 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ادھر رفح میں بھی ایک رہائشی مکان پر غاصب اسرائیلی فوج نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شہید ہو گئے۔
صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح کے مشرق میں واقع علاقے زلاطہ پر بھی بمباری کی ہے۔
رفح کے مغرب میں العزبہ کے علاقے میں بھی ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے۔
دوسری جانب الجزیرہ کے رپورٹر نے غزہ کے وسط میں واقع الحکر کے علاقے میں ایک رہائشی مکان پر فضائی حملے اور 9 فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا نے بتایا ہے کہ غزہ میں روزانہ اوسطاً 63 خواتین شہید ہورہی ہیں۔