شام: دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شامی اور روسی جنگی طیاروں کے حملے، درجنوں دہشتگرد ہلاک
شام کے صوبہ ادلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر اس ملک کی فوج اور روس کے جنگی طیاروں کے حملے میں کم از کم پندرہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صوبہ ادلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شام اور روس کے جنگی طیاروں کے یہ مشترکہ حملے، حراس الدین اور تحریر الشام نامی دو دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر کئے گئے جس میں پندرہ دہشت گرد مارے گئے ہيں۔
اس رپورٹ کے مطابق ان ٹھکانوں میں سے ایک کو دہشت گردوں کے ڈرون کی تعمیر کے لئے استعمال کیا جاتا تھا کہ جو ان حملوں میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے اور اس میں موجود دہشت گرد بھی ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔ اسی طرح گذشتہ چند دنوں کے دوران بھی روس کے جنگی طیاروں نے صوبہ ادلب میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں پر حملے کئے تھے کہ جن میں کم از کم بیس دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے ۔
اسی اثنا میں شامی فوج نے بھی صوبہ حماہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے تین دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کردیا۔
شام کی وزارت دفاع نے حال ہی میں اعلان کیا کہ اس ملک کے فوجیوں نے ایک کارروائی میں صوبہ ادلب اور رقہ میں دہشت گردوں کے سات ڈرونز کو تباہ کردیا ہے۔
شامی فوج نے گذشتہ چند دنوں کے دوران روسی فضائیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے شمال مغربی شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کرکے ان کے سرغنوں سمیت ایک سو گيارہ دہشت گردوں کو ہلاک اور اسّی دہشت گردوں کو زخمی کردیا۔