غزہ میں مزید دسیوں فلسطینی شہید
فلسطین کی وزارت صحت نے کہاہے کہ غزہ میں جارح صیہونی فوج کےحملوں میں مزید اکہتر فلسطینی شہید اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے ہيں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج نے پچھلے گھنٹوں کے دوران سات مرحلوں میں قتل عام اور دوسرے جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت کےاعلان کے مطابق تقریبا آٹھ ہزار فلسطینی ابھی بھی لاپتہ اور ملبے تلے دبے ہوئے ہيں اور امدادی ٹیمیں وسائل کی کمی اور صیہونی حکومت کے جاری حملوں کے سبب ان کو نجات نہیں دے پا رہی ہیں۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح غرب اردن میں چالیس فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہےکہ جن میں بچے اور سابق قیدی بھی شامل ہيں۔
فلسطینی وزارت تعلیم نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر کو غزہ پٹی کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک اس پٹی میں صہیونی قابض فوج کے حملوں میں چھ ہزار پانچ سو فلسطینی طلباء شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطینی وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک چار سو آٹھ اسکولوں پر اسرائیل نے بمباری کرکے ان کوتباہ کردیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں سات اکتوبر سے جاری جنگ میں شہید ہونے والوں کی تعداد بتیس ہزار نو سو سولہ اور زخمیوں کی تعداد پچہتر ہزار چار سو چورانوے ہوگئی ہے۔