Apr ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۵ Asia/Tehran
  •  صیہونی فوجی اڈوں پر لبنان اور فلسطینی استقامت کے حملے

لبنان اور فلسطینی استقامت نے مقبوضہ فلسطین کے سرحدی علاقے میں صیہونی فوجیوں کے اڈوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی اسلامی استقامت نے اعلان کیا ہے کہ اس نے المطلہ سرحدی علاقے میں اس جگہ پر ایک میزائل فائر کیا جہاں صیہونی فوجی اکٹھا ہوئے تھے۔

لبنان کی اسلامی استقامت نے مزید کہا کہ المطلہ علاقے میں فوجی گاڑی پہنچنے اور اس کے اطراف میں صیہونی فوجیوں کے اکٹھا ہونے پر، ہم نے ایک میزائل حملہ کیا جس میں کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے۔

لبنان کی اسلامی استقامت، جمعے کی صبح سے اب تک چھے بار صیہونی فوجی اڈوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا چکی ہے۔

دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات غزہ کے اطراف میں واقع صیہونی کالونیوں پر میزائل حملے کی خبر دی تھی۔

فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ کے اطراف میں واقع سدیروت اور نیرعام کالونی کو، میزائل حملے سے نشانہ بنایا۔

در ایں اثناء فلسطینی میڈیا ذرائع نے سنیچر کو شہر طولکرم کے نورشمس کیمپ میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان جھڑپوں کی خبر دی ہے۔ فلسطین الیوم نے رپورٹ دی ہے کہ غرب اردن کے شہر طولکرم میں واقع، نور شمس کالونی میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہيں۔

فلسطینی ٹی وی چینل نے، مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی استقامت کے جوانوں نے صیہونی فوجیوں کے نور شمس کیمپ میں داخل ہوتے ہی انھیں دستی بم سے نشانہ بنایا۔

صیہونی فوجیوں نے جمعرات کی شب سے ہی غرب اردن کے نور شمس کیمپ پر حملہ کر کے اس کے بعض علاقوں کا محاصرہ کرلیا تھا۔

فلسطینی مجاہدین نے اس دوران صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کیا اور ان کی بڑی تعداد کو زخمی کردیا

فلسطینی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق نور شمس کیمپ میں چند گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں سات فلسطینی مجاہدین شہید ہوگئے جبکہ دو زخمی اور دس دیگر، گرفتار کرلئےگئے۔

ٹیگس