حزب اللہ نے 86 علاقوں میں 930 اسرائیلی عمارتوں کو نشانہ بنایا
حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ شمالی فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے ایک اور فوجی اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ لبنان کی سرحد کے قریب واقع مقبوضہ شمالی فلسطین میں رامیا صیہونی فوجی مرکز پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ اس حملے میں صیہونی حکومت کے اس فوجی اڈے کو خاصا نقصان پہنچا۔ اس سلسلے میں غاصب صیہونی حکومت کی وزارت جنگ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ شمالی فلسطین کے مختلف علاقوں پر لبنان کی تحریک مزاحمت کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک چھیاسی علاقوں میں نو سو تیس اسرائیلی عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچ چکا ہے۔
صیہونی وزارت جنگ کے اعلان کے مطابق ایک سو چوبیس مکانات صرف کریات شمونا میں تباہ ہوئے ہیں۔ صیہونی ذرائع نے بھی آج ایک رپورٹ دی ہے کہ غزہ کے خلاف اسرائيل کے فوجی حملوں کے بعد سے حزب اللہ لبنان کی جانب سے مقبوضہ شمالی فلسطین پر تین ہزار سے زائد میزائل فائر کئے جا چکے ہیں۔