"برائے مہربانی جاگیں۔ کچھ کریں۔ تصور کریں کہ آپ کا بچہ اس طرح رو رہا ہے اور کانپ رہا ہے"، غزہ کی مظلوم عوام کی حمایت میں آگے آئے عالمی فٹبال کے ستارے
عالمی فٹبالرز نے غزہ پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اسرائیل کے ہاتھوں رفح میں کئے گئے قتل عام کی مذمت کی ہے۔
جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں ہونے والے قتل عام نے دنیا بھر کے لوگوں کے ضمیر کو جگا دیا ہے اور دنیا کے نامور فٹبالرز کو بھی خاموشی توڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔
اسرائیلی حکومت کی طرف سے محصور فلسطینی علاقے کے جنوبی ترین شہر میں قتل عام کے سلسلے میں، جس میں 60 سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں، بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ 'بس بہت ہو گیا'۔
مارکس تھورام(Marcus Thuram)، جو کہ ایک فرانسیسی قومی ٹیم کے فٹبالر ہیں اور سیری اے کلب انٹر میلان کے لیے فارورڈ کے طور پر کھیلتے ہیں، غزہ کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے عالمی فٹبال کے پہلے بڑے ناموں میں سے ایک تھے۔
تھورام نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ایک وائرل تصویر شیئر کی جس کا عنوان تھا (All eyes on Rafah) 'رفح پر سب کی نظریں'۔
رائس نیلسن (Reiss Nelson)، جو کہ ایک انگلش پروفیشنل فٹبالر ہیں اور آرسنل کے لیے ونگر کے طور پر کھیلتے ہیں، وہ ایک اور ایسے مشہور عالمی فٹبالر ہیں کہ جنہوں نے حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر ٹرینڈ کرنے والی تصویر شیئر کی۔
ملک تھیاؤ (Malick Theaw)، جو کہ ایک جرمن پروفیشنل فٹبالر ہیں اور سیری اے کلب اے سی میلان اور جرمن قومی ٹیم کے لیے بطور ڈیفنڈر کھیلتے ہیں، انھوں نے بھی جنوبی غزہ کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر وائرل تصویر شیئر کی۔
ولیم سالیبا (William Saliba)، جو کہ ایک فرانسیسی پروفیشنل فٹبالر ہیں اور آرسنل اور فرانسیسی قومی ٹیم کے لیے سنٹر بیک کے طور پر کھیلتے ہیں، انھوں نے بھی اپنے انسٹاگرام پیج پر رفح کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر تصویر شیئر کی ہے۔
ڈیوڈ بیکہم (David Beckham)، جو کہ انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ہیں اور کئی اعلیٰ درجے کے کلبوں کے لیے کھیل چکے ہیں، انھوں نے بھی یونیسیف کی طرف سے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں اقوام متحدہ کے ادارے نے جنوبی غزہ کے شہر میں اسرائیلی بمباری پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
یونس موسیٰ (Yunus Musah)، جو کہ ایک امریکی پروفیشنل فٹبالر ہیں اور سیری اے کلب اے سی میلان کے لیے مڈفیلڈر کے طور پر کھیلتے ہیں، انھوں نے بھی دیگر ساتھی فٹبالروں کی طرح غزہ کے حق میں وائرل ہونے والی تصویر کو اپنے انسٹاگرام پیج پر شیئر کیا ہے۔
رافائل لیاؤ(Rafael Leão)، جو کہ ایک پرتگالی پروفیشنل فٹبالر ہیں اور سیری اے کلب اے سی میلان اور پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے لیفٹ ونگر کے طور پر کھیلتے ہیں، انھوں نے بھی اپنے انسٹاگرام پیج پر وہی تصویر شیئر کی ہے۔
ابراہیم کوناتے(Ibrahima Konate)، جو کہ ایک فرانسیسی پروفیشنل فٹبالر ہیں اور لیورپول اور فرانسیسی قومی ٹیم کے لیے سنٹر بیک کے طور پر کھیلتے ہیں، انھوں نے بھی رفح اور غزہ کی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تصویر شیئر کی۔
عثمان ڈیمبلے (Ousmane Dembele)، جو کہ ایک فرانسیسی پروفیشنل فٹبالر ہیں اور لیگ 1 کلب پیرس سینٹ جرمین اور فرانسیسی قومی ٹیم کے لیے ونگر کے طور پر کھیلتے ہیں، انھوں نے بھی اظہار یکجہتی کے لیے وہی تصویر اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
جولس کاؤنڈے (Jules Kounde)، جو کہ ایک فرانسیسی پروفیشنل فٹبالر ہیں اور بارسلونا اور فرانسیسی قومی ٹیم کے لیے سنٹر بیک کے طور پر کھیلتے ہیں، انھوں نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیجز پر فلسطینی مزاحمت کار حسام شبات کی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے جنوبی غزہ کے شہر میں حالیہ قتل عام کے بارے میں لکھا تھا۔
پال پوگبا(Paul Pogba)، جو کہ ایک فرانسیسی فٹبالر ہیں اور سیری اے کلب یووینٹس کے لیے کھیلتے ہیں، انھوں نے اپنے انسٹاگرام پیج پر ایک دل سوز پوسٹ شیئر کی، جس میں پال پوگبا نے غزہ کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
"برائے مہربانی جاگیں۔ کچھ کریں۔ تصور کریں کہ آپ کا بچہ اس طرح رو رہا ہے اور کانپ رہا ہے۔"