اسرائیل پر حزب اللہ کے میزائلوں کی بارش، ریڈ لائن آگ کے شعلوں میں تبدیل
لبنان کی اسلامی مزاحمت نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں صیہونی فوجیوں کے ٹھکانوں کو درجنوں میزائلوں سے نشانہ بنایا جس کے بعد آگ کے شعلے بلند ہوئے اور ہر طرف آگ ہی آگ کے شعلے دکھائی دے رہے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے لبنان میں اسلامی مزاحمت کے حملوں کے تسلسل کا حوالہ دیتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں خاص طور سے الجلیل علیا میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے کی خبر دی ہے۔
صہیونی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان سے حالیہ میزائلی حملوں کے بعد 8 فائر فائٹنگ ٹیمیں شمالی سرحدوں میں لگی آگ پر قابو پانے اور بجھانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ ان ذرائع نے مزید اعلان کیا کہ کم از کم 40 میزائل جنوبی لبنان سے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں کی طرف داغے گئے۔
حزبالله نے کہا ہے کہ "نطوعا" کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کے ایک اجتماع پر ہونے والے حملے میں کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے بھی اطلاع دی ہے کہ لبنان سے صبح سے درجنوں میزائل فائر کیے گئے ہیں اور حزب اللہ نے اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیر کی طرف سے مقرر کردہ سرخ لکیر(ریڈ لائن) کو مٹا دیا ہے۔