Jun ۱۸, ۲۰۲۴ ۰۸:۴۹ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونیوں کے حملے، شہدا کی تعداد میں اضافہ

غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے پیر کی شام اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صیہونی فوجیوں کے حملوں میں مزید 83 عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا نے فلسطین الیوم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے پیر کی شام بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں صیہونی فوجیوں کے دو حملوں میں 10 بے گناہ فلسطینی شہید اور 73 زخمی ہوگئے۔ اس رپورٹ کے مطابق نئے اعدادوشمار کو شامل کرنے کے بعد سات اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 37 ہزار 347 ہوگئی ہے۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 85 ہزار 372 ہوچکی ہے۔ شہدائے غزہ میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی بتائی گئ ہے۔غزہ میں فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ پر صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں تقریبا 16 ہزاربچے شہید اور 34 ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں جبکہ 3 ہزار 600 بچے لا پتہ ہیں جن کے لئے بتایا جاتا ہے کہ ممکن ہے کہ وہ بھی شہید ہوگئے ہوں اور ان کی لاشیں منہدم شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہوں۔
اس رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے 34 ہزار بچوں میں سے 1 ہزار 500 سے زائد بچے معذور ہوچکے ہیں اور سیکڑوں بچوں کو صیہونی فوجی اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

ٹیگس