Jul ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، صیہونی زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سے اسپتال پہنچایا گیا

استقامتی فلسطینی محاذ میں شامل مختلف جہادی گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف وسیع کارروائیاں انجام دی ہیں جن میں اسرائیلی فوج کا بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹوں کے مطابق الفتح کے فوجی بازو شہدائے الاقصی بریگيڈ کے مجاہدین نے شہر رفح کے السویدیہ علاقے میں صیہونی فوجیوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

شہدائے الاقصی بریگیڈ کے مجاہدین نے اسی طرح شہر رفح کے مشرق میں واقع غزہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے علاقے میں بھی صیہونی فوجیوں پر مارٹر سے حملہ کیا ہے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے شہر غزہ کے الشجاعیہ نامی علاقے میں صیہونی فوجیوں کے ایک مرکز پر گولہ باری کی ہے۔

استقامتی فلسطینی محاذ کے مجاہدین نے اسی طرح رفح کے الشابورہ کیمپ، السعودی محلے اور صلاح الدین نامی علاقے میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا۔

حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے جوانوں نے بھی رفح کے مشرق میں گھات لگاکے صیہونی فوجیوں پر حملہ کردیا جس میں صیہونی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔

القسام بریگیڈ نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین صیہونی فوجیوں کے ایک دستے کو گھیر کر ایک عمارت میں لے گئے اور پھر اس عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔

القسام کے مطابق اس کارروائی میں بھی بہت سے صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

القسام بریگیڈ نے اسی طرح شہر غزہ کے مشرق میں واقع محلے الشجاعیہ میں اسرائیلی فوج کے دو مرکاوا ٹینکوں کو تباہ اور ایک صیہونی فوجی کو ہلاک کردیا۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق الشجاعیہ نامی علاقے میں کچھ صیہونی فوجی جس عمارت میں پناہ لئے تھے، اس پر القسام بریگیڈ نے میزائل سے حملہ کردیا جس میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

صیہونی میڈیا نے الشجاعیہ محلے کی اس عمارت میں جس میں اسرائیلی فوجی پناہ لئے ہوئے تھے، دھماکے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو ہیلی کاپٹر سے اسپتال پہنچایا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت خراب ہے۔

ٹیگس