فلسطینی نمائندے کی صیہونی حکومت پر تنقید، جنگ غزہ انسانی تاریخ میں سب سے بڑا قتل عام
اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے نے اسرائیل کی نسل کش حکومت کے مظالم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ غزہ انسانی تاریخ میں سب سے بڑے قتل عام کے طور پر درج ہوگی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے غزہ سے متعلق منعقدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں مزید کہا کہ صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو غزہ پٹی کے دو ملین سے زیادہ فلسطینیوں کی انسانی عزت و وقار کا قائل نہیں ہے۔
ریاض منصور نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین سے یہ سوال کرتے ہوئے کہ تم لوگ غزہ پٹی میں نیتن یاہو کے نسل کشی اور دیوانگی پر مبنی اقدامات کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات انجام دو گے، کہا کہ صیہونی حکومت ہر طرح کی شرم و حیا کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فلسطینی خواتین، بچوں، سن رسیدہ افراد، نامہ نگاروں اور ہسپتالوں کے عملے کا قتل عام کر رہی ہے۔