خان یونس میں دہشتگرد اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدوں کے درمیان گھمسان کی جنگ
غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ ہوئی ہے جس میں صیہونی فوجیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ خان یونس میں فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی ہو رہی ہے اور فلسطینی مجاہدین نے جارح صیہونی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچایا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ خان یونس میں فلسطینی مجاہدین نے شہر میں داخل ہونے والے راستے میں صیہونی فوجیوں اور ان کی گاڑیوں پر شدید حملے کئے ہیں۔
سرایا القدس نے نتساریم میں صیہونی فوجی ٹھکانے پر بھی حملہ کیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی ذرائع نے خان یونس کے مشرق میں عبسان کےعلاقے میں ایک مکان پر صیہونی بمباری میں دو فلسطینی عورتوں کی شہادت اور متعدد دیگر افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ اس سے قبل صیہونی فوجیوں نے غزہ کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔