فلسطینی مجاہدین کی بڑی کارروائی، صیہونی بستیوں پر برسے راکٹ، متعدد صیہونی فوجی گاڑیاں تباہ + ویڈیو
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے نوجوانوں نے مقبوضہ فلسطین کے عسقلان اور غزہ پٹی کے آس پاس کی متعدد صیہونی بستیوں پر راکٹ حملے کیے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک جہاد اسلامی کے عسکری بازو القدس بریگيڈ کے راکٹ حملوں کے بعد عسقلان اور غزہ پٹی کے آس پاس کے قصبوں میں خطرے کے سائرن بجائے جانے لگے۔ ادھر القدس بریگيڈ نے ایک بیان میں کہا ہے اس کے نوجوانوں نے ناصر صلاح الدین کی بٹالین کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران مشرقی خان یونس میں غاصب صیہونی فوجیوں اور انکی گاڑیوں پر حملے کیے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ شہر کے ایک اسکول میں چھپے صیہونی فوج کے ساتھ ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران متعدد صیہونی فوجی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب حماس کے فوجی بازو شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے بھی ایک مختصر بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے نوجوانوں نے جنوب مغربی غزہ شہر کے علاقے تل الھوا میں صیہونی فوج کے ہیلی کاپٹروں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔