Aug ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  •  صیہونی فوجی اڈوں پر حزب اللہ کی زبردست کارروائی، کئی فوجی اڈے تباہ متعدد صیہونی فوجی ہلاک

شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے فوجی اڈوں کے خلاف حزب اللہ لبنان کی کارروائیاں جاری ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ پٹی کے عوام کی حمایت اور فلسطینی استقامت کی مدد کے تناظر میں مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح شمالی مقبوضہ فلسطین کی رامیا فوجی چھاؤنی میں صیہونی فوج کے جاسوسی آلات کو نشانہ بنایا ، اس بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کا حملہ پوری طرح کامیاب رہا اور میزائل ٹھیک نشانے پر لگے جس کے نتیجے میں مدنظر ہدف تباہ ہوگیا۔

اسی سلسلے میں شمالی مقبوضہ فلسطین کے الجلیل علیا کی علاقائی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ لبنان سے ایک میزائل فائر کیا گیا اور اس نے علاقے کے المنارہ اور یفتاح کے درمیان واقع زرعی فارمز کو نقصان پہنچایا ہے۔

حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے دیہاتوں بالخصوص کفرکلا اور دیرسرایا پر صیہونی دشمن کے حملوں کے جواب میں پہلی بار شمالی مقبوضہ فلسطین ميں واقع صیہونی کالونی بیت ہلل کو دسیوں کیتوشا میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ جنوبی لبنان کے کفرکلا اور دیرسرایا دیہاتوں پر صیہونی فوج کے حملوں میں کئی عام شہری زخمی ہوگئے تھے۔

فلسطینی استقامتی گروہوں کے ہاتھوں طوفان الاقصی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے ہی حزب اللہ لبنان ، صیہونی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد کو الجھائے رکھنے اور غزہ میں استقامت پر دباؤ کو کم کرنے کے لئے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے ٹھکانوں کے خلاف روزانہ سنگین کارروائیاں انجام دیتی رہی ہے۔

حزب اللہ کے ان حملوں کے نتیجے میں اب تک شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے بعض فوجی اڈے تباہ ہوچکے ہيں اور ٹینک و بکتربند گاڑیوں سمیت مختلف فوجی ساز و سامان کو بھاری نقصان پہنچا ہے جبکہ صیہونی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد ہلاک بھی ہوچکی ہے ۔

حالیہ مہینوں میں صیہونی حکومت کے بہت سے تجزیہ نگاروں اور سابق سینئر کمانڈروں نے محاذ جنگ پر حزب اللہ کے مقابلے میں صیہونی فوجیوں کی پسپائی و بیچارگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ ، حماس سے کہيں زیادہ مضبوط اور الرٹ ہے جس نے غزہ کو صیہونی حکومت کے لئے دلدل بنا دیا ہے۔

ٹیگس