بنگلہ دیش: پارلیمنٹ تحلیل، خالدہ ضیاء رہا 500 سے زائد قیدی جیل سےفرار
بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے آرمی قیادت سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کردی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی۔
بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے آرمی قیادت سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کردی۔
کوٹا سسٹم اور امتیازی سلوک کے خلاف شروع ہونے والی طلبا تحریک کے رہنماؤں نے وزیراعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد صدر محمد شہاب الدین کو منگل 6 اگست سہ پہر 3 بجے تک پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
گزشتہ روز جب سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دینے کے بعد راہ فرار اختیار کی تو ملک میں افراتفری کی صورتحال کے دوران موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ضلع شیر پور کی جیل کے 500 قیدی جیل توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایک رپورٹ کے مطابق مشتعل ہجوم کی جانب سے عوامی لیگ کے رہنماؤں و کارکنان کے گھروں اور افسران کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے سرحد پر اپنی تعیناتی بڑھا دی ہے۔
خیال رہے کہ اسی طلبا تحریک کے نتیجے میں گزشتہ روز شیخ حسینہ واجد کا 15 سالہ اقتدار کا سورج غروب ہوگیا اور وہ استعفیٰ دیکر ہندوستان روانہ ہوگئی تھیں جس کے بعد آرمی چیف نے ملک میں عبوری حکومت کی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔