صیہونی حکومت کی دہشت گردی اور سفاکیت کی انتہا
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جارح صیہونی حکومت غزہ کے اسکول پر کہ جس میں فلسطینی پناہ لئے ہوئے تھے آج صبح حملہ کرکے، غزہ میں فلسطینیوں کی زیادہ سے زیادہ نسل کشی کے درپے ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شہر غزہ پر آج صبح ایک اسکول میں پناہ لئے ہوئے فلسطینیوں پر جارح صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے میں شہداء کی تعداد بڑھ کر ایک سو پچیس ہوگئی جبکہ اس جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے-
اسی طرح رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی لاشیں جھلس جانے کے باعث ان کی شناخت ناممکن ہوگئی ہے-
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے آج ہفتے کے روز ایک بیان میں غزہ میں پناہ گزینوں کے اسکول پر جارح صیہونی حکومت کے حملے کو مکمل جنگی جرم قرار دیا ہے-
تحریک جہاد اسلامی نے صیہونی حکومت کے لئے امریکہ کی بے دریغ حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جرم کے ارتکاب کے لیے صبح کی نماز کے وقت کا انتخاب کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ حکومت عام شہریوں کی زیادہ سے زیادہ جانیں لینے کے درپے ہے کہ جس سے غزہ کے عوام کے خلاف نسل کشی کی جنگ کی نشاندہی ہوتی ہے-
اسی دوران فلسطینی تحریک فتح نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کے علاقے الدرج میں واقع اسکول میں صیہونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا وحشیانہ قتل عام کہ جس کے نتیجے میں ایک سوپچیس سے زیادہ فلسطینی کہ جس میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کی بڑی تعداد شامل ہے ، شہید ہوئے ہيں صیہونی حکومت کی دہشت گردی اور سفاکیت کی انتہا ہے۔
تحریک فتح نے غزہ میں جنگ اور نسل کشی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری اور بین الاقوامی قانونی اداروں سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے-
دریں اثنا یمن کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ ہم اس صہیونی جرم کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیز غزہ کے عوام کے خلاف نسل کشی جاری رکھنے کے لئے، امریکہ کی جانب سے اسرائیلی حکومت کی بے دریغ حمایت کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔
محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ غزہ کے حوالے سے عربوں اور مسلمانوں کی بہت بڑی ذمہ داری ہے اور جو کوئی بھی غزہ کے حوالے سے اپنے مذہبی اور انسانی فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کرے گا وہ ذلیل و رسوا ہو گا۔
اردن کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں غزہ شہر کے ایک اسکول پر جارح صیہونی حکومت کے حملے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اسکول پر صیہونی حکومت کا میزائل حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ کےشہریوں اور پناہ گزینوں کی نسل کشی کے قتل عام پر مصر ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جرائم ثابت کرتے ہیں کہ اسرائیلی کابینہ غزہ میں جنگ بندی کے عمل کو روکنے میں کوشاں ہے۔
غزہ میں فلسطین انفارمیشن سینٹر نے بھی اسکول پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس غاصب حکومت نے کہ جو نسل کشی اور نسلی تطہیر کے درپے ہے، غزہ میں ایک نیا قتل عام کیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔
غزہ میں فلسطین انفارمین سینٹر نے مزید کہا کہ ہم پوری دنیا سے صیہونی حکومت کے ان جرائم کی مذمت کا مطالبہ کرتے ہیں۔