Aug ۲۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran

حزب اللہ لبنان نے اپنے سینیئر کمانڈر فواد شکر کی شہادت کے جواب میں پہلی بڑی انتقامی کارروائی کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تسنیم نیوز پورٹل کے مطابق حزب اللہ نے گذشتہ چند ہفتوں کے دوران بیروت کے نواحی علاقوں میں قابض حکومت کے دہشت گردانہ جرائم پر اپنا پہلا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس کے جوانوں نے مقبوضہ فلسطین کے اندر شدید حملہ کیا ہے۔

حزب اللہ نے آج اتوار کی صبح ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فواد شکر کی شہادت کے جواب میں پہلے رد عمل کے بطور مقبوضہ فلسطین کے اندر ایک وسیع حملہ کیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت نے  مقبوضہ علاقوں کی جانب کم از کم تین سو ڈرون اور میزائلوں کے فائر ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ العالم چینل کے مطابق صیہونی ذرائع ابلاغ نے اپنے بعض اعلیٰ عہدے داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک تین سو بیس سے زائد میزائلوں اور ڈرون طیاروں نے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی فوج کے اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
عبرانی میڈیا نے اسی طرح مقبوضہ علاقوں نہاریا اور عکا میں متعدد صیہونی شہریوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ حزب اللہ کے حملے کے بعد فلسطین کے تمام مقبوضہ علاقوں ہائی سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اس حملے کے بعد صیہونی وزیر اعظم اپنی جنگی کابینہ کے ہمراہ ہنگامی اجلاس میں حالات کا جائزہ لینے کے لئے بیٹھ گئے ہیں۔ حزب اللہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے المیادین چینل سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کے اندر مذکورہ حملے کی خبروں کو سینسر کئے جانے کے باوجود یہ ابتدائی حملہ پوری کامیابی کے ساتھ انجام پایا اور صیہونی حکومت جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے اس کو ناکام ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں نشانہ بننے والے گیارہ فوجی اہداف کی فہرست جاری کی ہے۔ ساتھ ہی اطلاعات ہیں کہ آج حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ میڈیا کے ذریعے عوام سے خطاب بھی کرنے والے ہیں۔

ٹیگس