Sep ۰۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • غزہ میں صیہونی دہشت گردی بدستور جاری، 48 گھنٹوں کے دوران 89 فلسطینی شہید

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے علاقہ خان یونس پر بمباری کی جبکہ نصیرات اور رفح پر بھی صیہونی فوج نے بم برسائے، اس کے علاوہ غزہ کے مختلف علاقوں اسرائیلی کارروائیوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شہادتوں کی تعداد 89 ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 3 روز سے قصبوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اس دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے گزشتہ روز درجنوں جنگجوؤں کا خاتمہ کیا اور 30 ​​فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ تاہم بتایا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں جبالیہ کیمپ میں ایک بچے سمیت عام شہری بھی شہید ہوئے ہیں۔
فلسطینی مزاحمتی تنطیم حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں میں ہمارے 13 جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز غزہ کی جنوبی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں میں 14 فلسیطنی شہید ہوگئے۔
العودہ ہسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ میں نصیرات کیمپ کے مغرب میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ میں فلسطینی شہری دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں ایک مکان پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔
وفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے شمالی غزہ میں بھی متعدد حملے کیے گئے جس میں کم از کم 3 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ 11 ماہ سے جاری جنگ میں اب تک 40 ہزار 91 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، جب کہ اس جنگ میں زخمیوں کی تعداد 94 ہزار 60 ہوچکی ہے۔

ٹیگس