Sep ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۲:۰۹ Asia/Tehran
  • صیہونی دہشتگردوں کی جنوبی غزہ کے رہائشی علاقوں پراندھا دھند بمباری

تین سو بتیس دن گزرجانے کے بعد اب بھی غزہ میں صیہونی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق گزشتہ گھنٹوں کے دوران صیہونی دہشتگردوں نے جنوبی غزہ کے رہائشی علاقوں اور عمارتوں پر اندھا دھند بمباری کی جس میں دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہو گئے۔ ابھی تک ان حملوں میں شہید و زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد سامنے نہیں آئی ہے۔

صیہونی دہشتگردوں نے اسی طرح غزہ شہر کے زیتون محلے میں صفد نامی اسکول پر بھی بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم گیارہ فلسطینیوں کے شہید ہونے کی خبر ہے۔ چار فلسطینی مرکزی غزہ کے بریج کیمپ میں ایک رہائشی عمارت پر بمباری میں شہید ہوئے ہیں۔

صیہونی دہشتگردوں نے النصیرات کیمپ کو بھی ایک بمبار ڈرون سے نشانہ بنایا جس میں کم ازکم ایک فلسطینی کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ غزہ میں صیہونی دہشتگردی ایسے حالات میں جاری ہے کہ اب خود مقبوضہ فلسطین میں صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف عوامی غم و غصہ عروج کو پہنچ گیا ہے۔ پورے مقبوضہ فلسطین میں وسیع پیمانے پر ہڑتال اور مظاہروں کے ایک نئے سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ ہڑتال میں اسکول، کالج، یونیورسٹیاں، ٹرانسپورٹ کا شعبہ، بن گوریون بین الاقوامی ایئرپورٹ اور اقتصادی شعبے سے جڑے مراکز سبھی شامل ہیں۔ اعتراض کے اس نئے سلسلے کا مقصد نیتن یاہو حکومت کو قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر دستخط کے لئے مجبور کرنا بتایا گیا ہے۔

ٹیگس