Sep ۰۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • بے لگام صیہونی فوج کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری، مزید 48 فلسطینی شہید

غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید اڑتالیس فلسطینیوں کی شہادت کے بعد شہدائے غزہ کی تعداد 40 ہزار786 ہوگئی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: پیر کی شام فلسطین کی وفا نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غاصب صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر تین بار حملے کئے ہیں۔ فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں 48 فلسطینی شہید اور70 زخمی ہوگئے۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے ان وحشیانہ حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے بعد شہدائے غزہ کی تعداد 40 ہزار 786 اور زخمیوں کی تعداد 94 ہزار224 ہوگئی ہے۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ 10 ہزار سے زائد فلسطینی بدستور لاپتہ ہیں۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ فلسطینی بھی شہید ہوچکے ہیں اور ان کی لاشیں غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباریوں میں منہدم ہوجانے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں جنہیں غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے جاری رہنے کی وجہ سے اب تک نہیں نکالا جاسکا ہے۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے فلسطین کے اسلامی استقامتی محاذ کے سات اکتوبر 2023 کے طوفان الاقصی آپریشن میں اپنی ناقابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطینی عوام سے لینے کے لئے گیارہ مہینے سے غزہ پر وحشیانہ ترین حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

ٹیگس