Oct ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • غاصب اسرائیل کی جارحیت، 42 ہزار فلسطینی شہید، عالمی ادارے خاموش

فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں گذشتہ تین سو ترسٹھ دنوں کے دوران اکتالیس ہزار آٹھ سو پچیس فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں آج شہداء کے تازہ ترین اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جارح صیہونی حکومت نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس علاقے میں تین بار حملے کئے جن میں تئیس فلسطینی شہید اور چھیاسٹھ دیگر زخمی ہوگئے، ان شہداء سمیت سات اکتوبر دو ہزار تئیس یعنی طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک اکتالیس ہزار آٹھ سو پچیس فلسطینی شہید اور چھیانوے ہزار نو سو دس زخمی ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ سال سات اکتوبر سے غزہ کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کر رکھی ہے۔ اس عرصے کے دوران غزہ کے ستر فیصد مکانات اور بنیادی ڈھانچے اس جنگ میں بری طرح تباہ ہوچکے ہیں، اور بدترین محاصرے اور شدید انسانی بحران کے ساتھ ساتھ غیرمعمولی قحط اور بھوک مری کی صورتحال نے اس علاقے کے مکینوں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔

ان تمام جرائم کے باوجود صیہونی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ تقریباً بارہ ماہ کی جنگ کے بعد بھی وہ ابھی تک اس جنگ کے اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے جس کا مقصد تحریک حماس کو تباہ کرنا اور غزہ سے صیہونی قیدیوں کی واپسی ہے۔

ٹیگس