آپریشن طوفان الاقصی کی سالگرہ پر غزہ کے عوام کی حمایت میں دسیوں لاکھ یمنی عوام کا اجتماع
Oct ۰۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
آپریشن طوفان الاقصی کی سالگرہ پر دسیوں لاکھ یمنی عوام نے دارالحکومت صنعا کے سبعین اسکوائر پر غاصب صیہونی حکومت کے خلاف احتجاجی اجتماع کیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کے مطابق یمن کے عوام نے پیر سات اکتوبر کو "آزادی کی جانب طوفان" کے زیرعنوان مظاہرے کئے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان مظاہروں میں یمنی عوام نے بیت المقدس پر قابض غاصب صیہونی حکومت کی مخالفت اور فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان کیا۔
یمنی عوام نے اپنے اس مظاہرے میں یمن، فلسطین اور لبنان کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور استقامتی محاذ کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔
مظاہرے کے شرکا نے غزہ اور جنوبی لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور انسانیت سوز جرائم کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے آپریشن وعدہ صادق 2 کی حمایت میں بھی نعرے لگائے۔