غاصب اسرائیل دسیوں لاکھ فلسطینیوں کو مغربی کنارے سے اردن نقل مکانی پر مجبور کرنے میں کوشاں
حماس کے رہنما خالد مشعل نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل دسیوں لاکھ فلسطینیوں کو مغربی کنارے سے اردن نقل مکانی پر مجبور کرنے میں کوشاں ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: خالد مشعل نے ایک انٹرویو میں کہا ہےکہ قومیں صرف لوگوں کی جاں فشانیوں سے ہی آزاد ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت، عرب ممالک کی قومی سلامتی کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتی ہے۔
خالد مشعل نے کہا کہ صیہونی حکومت غرب اردن پر بری طرح دباؤ ڈال رہی ہے حالانکہ طوفان الاقصی آپریشن غاصبانہ قبضے اور غاصبوں کے جارحانہ اقدامات کے خلاف انجام دیا گيا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی یا امن مذاکرات کا کوئی امکان دکھائی نہیں دے رہا ہے کیونکہ نیتن یاہو نے جولائی میں پیش کی جانے والی تمام امن تجاویز سے پسپائی اختیار کرلی ہے۔
حماس کے رہنما نے کہا کہ غزہ پر صیہونی جارحیت کے صرف ٹیکٹیکل نتائج برآمد ہوئے ہیں جبکہ صیہونیوں کو اسٹریٹیجک لحاظ سے بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
خالد مشعل نے زور دیکر کہا کہ حماس نے غزہ میں جنگ بندی کی بھرپور کوشش کی لیکن نیتن یاہو نے ان کوششوں کو بند گلی میں لاکر کھڑا کردیا ہے۔