Oct ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • صہیونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید تصادم

صیہونی حکومت ایک سال سے زیادہ کا عرصہ گذرجانے کے بعد بھی غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف اپنی بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: خبر رساں ذرائع نے مغربی کنارے میں طوباس کے جنوب میں واقع "الفارعہ" کیمپ کے اندر صہیونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید تصادم کی اطلاع دی ہے۔ صیہونی حکومت کے فوجیوں نے نابلس شہر کے مشرق میں واقع "بلاطہ" کیمپ پر بھی گولہ باری کی ہے۔

فلسطینی ہلال احمر نے بھی اعلان کیا ہے کہ قابض فوج نے مغربی کنارے کے علاقے طوباس میں واقع "الفارعہ" کیمپ میں اس کے ایک کارکن کو گرفتار کر لیا۔

جنگ کے تین سو انہترویں دن میں داخل ہونےکےساتھ ہی غاصب عناصر نےغزہ کے مختلف علاقوں خاص طور پر جبالیا کیمپ ، جبالیا البلد ، التوام ، الکرامہ ، العطاطرہ ، بیت لاہیا اور بیت حانون کا شدید محاصرہ کرلیا۔

در ایں اثناصیہونی حکومت نے زمینی حملوں میں شدت لاتے ہوئے لوگوں کے گھروں کو دھماکےسے اڑادیا تاکہ اس علاقے میں پناہ لینے والے افراد وہاں سے نقل مکانی کر جائيں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ سے وابستہ ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ کم از کم چار ہزار افراد شمالی غزہ میں محاصرے میں ہیں۔

مشرقی خان یونس کے علاقے الفخاری کے علاقے پر بمباری کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی حکومت کے توپخانے نے شمالی غزہ میں کمال عدوان اسپتال کے اطراف پر بھی گولہ باری کی ہے۔

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے وسطی غزہ کے "البریج" اور "النصیرات" کیمپوں پر بھی بمباری کی ہے۔ غزہ شہر کے جنوب مشرق میں "الزیتون" علاقے کے مشرق میں ایک شاہراہ کو بھی قابض فوج نے گولہ باری سے نشانہ بنایا۔

جارح اسرائیلی فوج نے خان یونس شہر کے جنوب مشرق میں بھی بمباری کی ہے۔اس کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں نے النصیرات کیمپ کے "ابو غولہ" علاقے میں ایک مکان پر بمباری کی۔صیہونی حکومت کے فوجیوں نے آج جمعرات کی صبح بھی مغربی کنارے کے مختلف علاقوں اور شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے تاہم مزاحمتی فورسیز کے ساتھ ان کی جھڑپ ہوگئی-صیہونی فوجیوں نے ہیبرون کے مغرب میں واقع قصبے " اذنا " پر بھی حملہ کرکے شدید فائرنگ کی اور صوتی بموں کا استعمال کیا اور اس علاقے میں لوگوں کے گھروں پر چھاپے مار کر ان کے گھروں کے سامان تباہ کردیئے-اس دوران فلسطینیوں کو زخمی کرتے ہوئے قابضین نے ایمبولینسوں کو آنے سے روکا اور ان پر صوتی بم اور آنسو گیس کے گولے برسائے۔

ٹیگس