صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حزب اللہ کے تابڑ توڑ حملے
لبنان کی تحریک استقامت نے مقبوضہ شمالی فلسطین میں صیہونی فوجی اڈوں اور فوجی مراکز کے خلاف بیس کارروائیاں انجام پانے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ نیوز ایجنسی کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی تحریک استقامت کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوجی اڈوں اور فرجی مراکز پر میزائل اور راکٹ فائر کئے گئے۔ اس سلسلے میں عربی پوسٹ کا کہنا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں شہر حیفا کے کریات بیالیک صنعتی علاقے میں لبنان سے ایک میزائل فائر کیا گیا۔ قطر کے الجزیرہ ٹی وی چینل نے بھی صیہونی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمال میں الجلیل کے علاقے یارؤن کے علاقے میں ٹینک شکن میزائل حملے میں دو صیہونی زخمی ہوگئے۔ دریں اثنا غاصب صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل بارہ نے رپورٹ دی ہے کہ یارؤن صیہونی علاقے پر میزائل حملے میں ایک غیر ملکی مزدور مارا گیا۔
اس صیہونی ٹی وی چینل نے کہا ہے کہ جلیل کے ریخس رمیم پر بھی ہونے والے میزائل حملے میں کافی نقصان ہوا ہے۔ صیہونی ذرائع کے حوالے سے الجزیرہ ٹی وی چینل نے بھی رپورٹ دی ہے کہ لبنان سے شہر حیفا پر کم سے کم بیس میزائل داغے گئے ہیں۔ حزب اللہ لبنان نے جمعرات کو مقبوضہ شمالی فلسطین کے مختلف صیہونی علاقوں منجملہ کریات شمونا، نہاریا، عکا اور مختلف دیگر علاقوں پر تقریبا دو سو میزائل اور راکٹ فائر کئے۔ غاصب صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل سات نے بھی رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ شمالی فلسطین کے سب سے بڑے صیہونی مرکز کریات شمونا اور اس کے اطراف کے علاقوں پر سو میزائل اور راکٹ برسائے۔
صیہونی ذرائع نے کہا کہ حزب اللہ نے اسی طرح عکا، نہاریا اور ان کے اطراف میں واقع صیہونی علاقوں پر کم سے کم پچاس میزائل و راکٹ برسائے۔ غاصب صیہونی حکومت کی اندرونی سلامتی کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین کے صیہونی علاقوں اور صیہونی فوجی مراکز پر حزب اللہ لبنان کے میزائل و راکٹ حملوں کے بعد کم سے کم دس علاقوں میں خطرے کے سائرن بجے۔ کل بھی کریات شمونا پر حزب اللہ لبنان کے راکٹ حملوں میں دو صیہونیوں کی ہلاکت کی خبر ملی تھی۔