Oct ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۲:۴۰ Asia/Tehran
  • حضرت امام حسن عسکری (ع) کی ولادت باسعادت کے موقع پر آپ کی چند نصیحتیں

فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و سرور ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: آج آٹھ ربیع الثانی ہے آج کی یہ تاریخ فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مدینہ منورہ میں ولادت با سعادت کی تاریخ ہے۔

فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جگہ جگہ جشن منایا جا رہا ہے ۔ اس پر مسرت موقع پر عراق کے مقدس شہروں خاص طور پر سامرا میں عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت کا جم غفیر ہے جو امام عالی مقام کا جشن ولادت منا رہا ہے- کربلائے معلی، نجف اشرف اور کاظمین میں بھی جشن کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے- پاکستان اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں بھی محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔

 ایران میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے جشن ولادت کے مرکزی اجتماعات مشہد المقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں منعقد ہو رہے ہیں جن میں زائرین اور عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت کی بہت بڑی تعداد شریک ہے اور اس پر مسرت موقع پر حضرت امام رضا علیہ السلام اور جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت ولی عصر امام مہدی عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خدمت میں بھی مبارکباد پیش کر رہے ہیں-

سحر عالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام ناظرین، سامعین اور قارئین کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی چند نصیحتیں نقل کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔

دو بہترین عادتیں یہ ہیں کہ اللہ پر ایمان رکھے اور لوگوں کو فائدہ پہنچائے۔

تواضع اور فروتنی یہ ہے کہ جب کسی کے پاس سے گزرے تو سلام کرے اور مجلس میں عام جگہ پر بیٹھے۔

حسد کرنے اور کینہ رکھنے والے کو کبھی سکون قلب نصیب نہیں ہوتا۔

ٹیگس