Oct ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
  • صہیونی بندرگاہ ایلات کی تجارتی سرگرمیاں کیوں معطل ہوئیں؟

یمن کی مسلح افواج کے مسلسل میزائل حملوں کی وجہ سے صہیونی بندرگاہ ایلات کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق یمنی فوج ، غزہ کے مظلوم عوام پر صہیونی حکومت کے جارحانہ حملوں کے جواب میں بحیرہ احمر میں مقبوضہ فلسطین کو جانے والے بحری جہازوں اور دیگر مقامات پر صہیونی تنصیبات پر میزائل حملے کر رہی ہے۔

مصری ویب سائٹ الشروق نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ چند مہینوں سے یمنی فوج کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد صہیونی بندرگاہ ایلات کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔

ایلات بندرگاہ کے حکام نے یمنی فوج کے حملوں کے اثرات کے بارے میں کہا ہے کہ میزائل حملوں کی وجہ سے بندرگاہ کی پچاسی فیصد سرگرمیاں بند ہوگئی ہیں۔

واضح رہے کہ یمنی فوج طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز کے بعد سے فلسطینی قوم کی حمایت میں مقبوضہ فلسطین کی جانب جانے والے سبھی بحری جہازوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔

مصری ویب سائٹ نے مزید لکھا ہے کہ ایلات بندرگاہ کے حکام نے اقتصادی بحران سے بچنے اور بندرگاہ کو فعال رکھنے کے لئے نیتن یاہو کابینہ سے مالی مدد کا تقاضا کیا ہے۔

ٹیگس