حزب اللہ کے جوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں، 5 صیہونی فوجی ہلاک
جنوبی لبنان میں جارح صیہونی فوجیوں اور حزب اللہ کے جوانوں کے درمیان جھڑپ میں پانچ صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے ہيں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونی میڈیا ذرائع نے جنوبی لبنان میں گذشتہ شب جنگ کے دوران مزید پانچ صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔ صیہونی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ان پانچوں فوجیوں کا تعلق فوج کی اناسیویں بٹالین سے ہے جبکہ ایک اس بٹالین کا ڈپٹی کمانڈر تھا۔ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں ہونے والی تازہ جھرپ میں اپنے بیس فوجیوں کے زخمی ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
غزہ پٹی اور لبنان میں صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں حزب اللہ نے اکیس کارروائیوں میں صیہونی فوج کے ٹھکانوں اور مقبوضہ علاقوں کے شمال میں صیہونی بستیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب صیہونی حکومت کے میڈیا نے صیہونی فوجیوں کے محاذ جنگ سے فرار کرنے اور ہزاروں ریزرو صیہونی فوجیوں کے جنگ پر جانے سے انکار کی خبریں دی ہیں۔
درایں اثنا صیہونی حکومت کی وزارت جنگ نے سات اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اپنے آٹھ سو نوے فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔ صیہونی وزارت جنگ نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا کہ مرنے والوں میں آٹھ سو آٹھ فوجی افسر و اہلکار، پچھتر پولیس اہلکار اور سات انٹرنل اینٹیلیجنس ایجنسی شاباک کے جاسوس شامل ہيں۔